1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسمارٹ فون 10 برسوں میں 83 فیصد مہنگے ہوئے

5 مئی 2024

ایک نئے جائزے کے مطابق اسمارٹ فون مینوفیکچررز کے ٹاپ موبائل ماڈلز گزشتہ دس برسوں کے دوران نمایاں طور پر زیادہ مہنگے ہو گئے ہیں۔ اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟

https://p.dw.com/p/4fQwv
USA | Apple Produktvorstellung | iPhone 15
تصویر: Justin Sullivan/Getty Images

جرمن شہر ہائیڈل برگ میں قیمتوں کا موازنہ کرنے والی کمپنی 'فیری فوکس‘ کی رپورٹ کے مطابق سن 2014 کے بعد سے زیادہ فروخت ہونے والے اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں 83 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ 

تاہم اس عرصے کے دوران بنیادی ماڈلز یعنی زیادہ فروخت نہ ہونے والے موبائل فونز کی قیمتوں میں صرف پانچ فیصد ہوا۔

دس سال قبل سب سے مہنگے آئی فون فائیو کی قیمت 899 یورو تھی جبکہ آج ایک آئی فون پرو میکس کی قیمت 1949 یورو تک ہے۔ 'فیری فوکس‘ کی رپورٹ کے مطابق سام سنگ کی قیمتوں میں اس سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

جہاں دس سال قبل گلیکسی ایس فائیو کی قیمت 699 یورو تھی، وہیں گلیکسی ایس 24 کے ہائی اینڈ ورژن کی قیمت آج 1809 یورو تک ہے۔

اسی طرح گزشتہ دس برسوں کے دوران بہت سی کمپنیاں اپنے لگژری ماڈل بھی مارکیٹ میں لے کر آئی ہیں، جیسے کہ پرو، پلس، میکس یا الٹرا وغیرہ۔ دس سال قبل ایسے لگژری ماڈلز کی تعداد کچھ زیادہ نہیں تھی۔

China Apple Store user
تصویر: CFOTO/picture alliance

اس جائزے کے مطابق قیمتوں میں اضافہ اصل میں زیادہ اسٹوریج صلاحیت کے حامل میموری کارڈز کی وجہ سے ہے۔ مثال کے طور پر دس برس پہلے سب سے زیادہ میموری رکھنے والے اسمارٹ فونز کی اوسط قیمت 729 یورو کے قریب تھی۔ اب سب سے زیادہ اسٹوریج والے فون کی اوسط قیمت 1333 یورو ہے۔

'فیری فوکس‘ ٹیلی کمیونیکیشن کے ماہر ژینس اووے تھوئمر کے مطابق جرمنی جیسے امیر ممالک مینوفیکچررز کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ ہیں کیوں کہ امیر ممالک کے لوگوں کی قوت خرید بھی زیادہ ہے۔

 قیمتوں میں اضافے کے بارے میں وہ مزید کہتے ہیں، ''بڑے برانڈز چھوٹے برانڈز کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ سرمایہ کاری کرتے ہیں، جس سے صارف کے لیے قیمت بھی بڑھ جاتی ہے۔‘‘

دوسرے لفظوں میں بڑی کمپنیاں اپنے اشتہارات اور مارکیٹینگ کے پیسے بھی صارفین سے ہی وصول کر رہی ہوتی ہیں۔ آج کے نوجوانوں کی بھی مخصوص ماڈلز کے ساتھ مخصوص وابستگی ہے، جو موبائل فونز کی فروخت میں اضافے کا سبب بنی ہے۔

ا ا/ا ب ا (اے ایف پی)